اقباؔل عظیم(۱۹۱۳۔۲۰۰۰ء)
معروف نعت گو شاعر
| سارے نبیوں کے عہدے بڑے ہیں، لیکن آقا کا منصب جدا ہے |
| وہ امامِ صفِ انبیا ہیں، اُن کا رتبہ بڑوں سے بڑا ہے |
| کوئی لفظوں سے کیسے بتا دے اُن کے رتبے کی حد ہے تو کیا ہے |
| ہم نے اپنے بڑوں سے سنا ہے، صرف اللہ اُن سے بڑا ہے |
| وہ جو اک شہرِ نور الہدیٰ ہے جلوہ گاہوں کا اک سلسلہ ہے |
| جس کی ہر صبح شمس الضحیٰ ہے، جس کی ہر شام بدر الدجیٰ ہے |
| نام جنت کا تم نے سنا ہے، میں نے اس کا نظارا کیا ہے |
| میں یہاں سے تمھیں کیا بتا دوں، اُن کی نگری کی گلیوں میں کیا ہے |
| کتنا پیارا ہے موسم وہاں کا، کتنی پُر کیف ساری فضا ہے |
| تم مرے ساتھ خود چل کے دیکھو، گردِ طیبہ بھی خاکِ شفا ہے |
| مستقل اُن کی چوکھٹ عطا ہو، میرے معبود یہ التجا ہے |
| کوئی پوچھے تو یہ کہہ سکوں میں، بابِ جبریل میرا پتا ہے |

