مولانا محمد زکی کیفیؔ(۱۹۲۶۔۱۹۷۵ء)
معروف شاعر،ابنِ مفتی محمد شفیعؒ
| کیا صف شکن تھے جنگ سے نالاں؟ نہیں نہیں |
| کیا شیردل تھے کفر سے ترساں؟ نہیں نہیں |
| کیا غازیوں میں شوقِ شہادت کی تھی کمی |
| کم ہو گئی تھی غیرتِ ایماں؟ نہیں نہیں |
| کیا سرد ہوگئے تھے جوانوں کے حوصلے |
| کیا ڈرگئے تھے حاملِ قرآں؟ نہیں نہیں |
| کیا سو گئے تھے قوم کے جانباز سرفروش |
| غافل تھے کیا وطن کے نگہباں؟ نہیں نہیں |
| کیا اپنی سرحدوں کی حفاظت کے واسطے |
| کافی نہیں تھی فوج ِ دلیراں؟ نہیں نہیں |
| کیا عرصہ گاہِ جنگ میں ہنگامِ کارزار |
| کم پڑ گیا تھا جنگ کا ساماں؟ نہیں نہیں |
| کیا اہلِ شہر جنگ کی حالت میں خوش نہ تھے |
| کیا مرد و زن تھے خوف سے لرزاں؟ نہیں نہیں |
| کیا اہلِ ملک تنگ تھے اس حرب و ضرب سے |
| کیا ہو گئی تھی قوم پریشاں؟ نہیں نہیں |
| کیا اپنے ملک وقوم کی عزت کے واسطے |
| لڑنا نہ جانتے تھے مسلماں؟ نہیں نہیں |
| کیا بڑھ گئی تھی کفر کی یلغار اس قدر |
| رکتا نہیں تھا کُفر کا طوفاں؟ نہیں نہیں |
| پھر کس لیے یہ صورتِ حالات ہوگئی |
| بازی ابھی لگی تھی ابھی مات ہو گئی |
| برباد کیوں ہوا یہ گلستاں جواب دو |
| اے قاتلانِ غیرتِ ایماں! جواب دو |
| کس دل سے تم نے ذلتِ اسلام کی قبول؟ |
| کہتا ہے تم سے خونِ شہیداں جواب دو |
| لاکھوں کٹے تھے جس کی حفاظت کے واسطے |
| کیوں دے دیا وہ ہاتھ سے میداں، جواب دو |
| کس پر بھروسہ کر کے کروڑوں عوام کو |
| چھوڑا ہے تم نے بے سروساماں، جواب دو |
| وہ اپنے سرفروش جو کوہِ وقار تھے |
| کیوں ہیں اسیرِ حلقۂ زنداں، جواب دو |
| ہے کن گھروں میں آتشِ نمرود شعلہ زن |
| کیوں کر رہا ہے کُفر چراغاں، جواب دو |
| ہر چپۂ زمین پہ خوں کس کا جذب ہے |
| کس نے کیا ہے خون یہ ارزاں، جواب دو |
| ڈھاکہ پہ کیا قیامتِ صغریٰ گزر گئی |
| کیوں ارضِ چاٹگام ہے گریاں، جواب دو |
| لاشیں پڑی ہیں کس کی، یہ سلہٹ کی خاک پر |
| جیسور کس لیے ہوا ویراں، جواب دو |
| کتنے دلوں میں اُتری ہے سنگین کُفر کی |
| کس کس کا سر ہے خون میں غلطاں، جواب دو |
| سونپے تھے تم کو لختِ جگر اپنے قوم نے |
| کیا اس لیے تھی خون کی افشاں، جواب دو |
| تم نے کیا تھا عہدِ وفا ملک و قوم سے |
| اب کیا ہوا وہ عہد، وہ پیماں جواب دو |
| کس دل سے ملک و قوم کی تذلیل کی گئی؟ |
| غداریوں کی شوق سے تشکیل کی گئی؟ |
| اِس غدْر اِس فریب میں کس کس کا ہاتھ ہے؟ |
| کس کس طرح شکست کی تکمیل کی گئی؟ |
| ہر لب پہ یہ سوال ہیں ان کا جواب دو |
| غارت گرانِ خونِ شہیداں جواب دو |

