الطاف حسین حالیؔ
| بنے ہیں مدحتِ سلطانِ دو جہاں کے لیے |
| سخن زباں کے لیے اور زباں دہاں کے لیے |
| وہ شاہ، جس کا عدو جیتے جی جہنم میں |
| عداوت اُس کی عذابِ الیم جاں کے لیے |
| وہ شاہ، جس کا مُحِب اَمْن و عافیت میں مُدام |
| محبت اس کی حصارِ حصیں اماں کے لیے |
| گھر اس کا مَورِدِ قرآن و مَهْبَطِ جبریلؑ |
| در اس کا کعبۂ مقصود انس و جاں کے لیے |
| سِپِہر گرْمِ طواف اُس کی بارگاہ کے گرد |
| زمین سر بسجود اُس کے آستاں کے لیے |
| مدینہ مرجع و ماواے اہلِ مکہ ہوا |
| مکیں سے رتبہ یہ حاصل ہوا مکاں کے لیے |
| اسی شرَف کے طلب گار تھے کلیمؑ و مسیحؑ |
| نوید امّتِ پیغمبرِ زماں کے لیے |
| شفیعِ خلق سراسر خدا کی رحمت ہے |
| بشارت امتِ عاصی و ناتواں کے لیے |
| شفاعتِ نبویؐ ہے وہ برقِ عصیاں سوز |
| کہ حکمِ خس ہے جہاں کفر دو جہاں کے لیے |
| خدا کی ذات کریم اور نبیؐ کا خُلق عظیم |
| گنہ کریں تو کریں رخصت انس و جاں کے لیے |
| حریفِ نعتِ پیمبر نہیں سخن حالیؔ |
| کہاں سے لایئے اِعجاز اس بیاں کے لیے |

